اسلام آباد:بوکھلاہٹ کا شکار بزدل بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی سول آبادی پر گولہ باری شروع کر دی، بلااشتعال فائرنگ سے نومولود بچی سمیت6 شہری شہید اور9 زخمی ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی جارحیت میں بوکھلاہٹ کا عنصر نمایاں ہونا شروع ہوگیا، بزدل بھارتی فوج شکست کھانے کے بعد لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے لگی۔بوکھلاہٹ کا شکار بھارتی فوج نے گولہ باری کرتے ہوئے ہجیرہ، فارورڈ کہوٹہ اور کھوئی رٹہ میں سول آبادی کو نشانہ بنایا۔
بھارتی گولہ باری سے سمرہ آصف زوجہ آصف خورشید اپنی چالیس دن کی بچی سمیت اور راجہ شہپال بلیال میں شہید ہوئے جبکہ زخمی ہونے والوں میں امتیاز بیگم زوجہ خورشید گورسی،افرا خورشید ،طاہرہ خورشید،زبینہ زوجہ صیعب خورشید اور2 معصوم بچے شامل ہیں۔
ادھر باغ میں بھی بھارتی فوج نے آبادی پر وحشیانہ گولہ باری کی ، گائو ں کوٹیڑی نجم خان میں بھارتی گولہ باری سے 22 سالہ نوجوان اسامہ عشرت شہید ہو گیا جبکہ اسکی دو بہنیں شدید زخمی ہو گئیں ۔پولیس حکام کے مطابق دونوں زخمی بہنوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال باغ منتقل کر دیا گیا ہے۔
سب ڈویژن ہجیرہ میں ایل او سی اور ہجیرہ شہر پر بھارتی گولہ باری سے چار افراد زخمی ہوئے۔ جن میںمعاویہ نواز ،عمر 21 سال گائوں دیوی گلی،ریحان شکور ،عمر 14 سال،گائوں ھود پھگواٹی،امیر اکبر، عمر 60 سال گائو ں منڈھول اور چودھری محمد رفیق ، عمر 55 سال، گائو ں کھرنی رکڑ شامل ہیں ۔ تمام زخمی افراد کو ہجیرہ ٹی ایچ کیو میں طبی امداد د ی گئی۔ریحان شکور کے علاہ دیگر مزید علاج کے لیے سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بھارتی فوج شہری آبادی پر بھاری ہتھیاروں کا استعمال کر رہی ہے، پاک فوج دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے میں مصروف ہے جبکہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کی توپیں خاموش ہوگئیں۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کرنے پر بھارتی فوج کی کئی چیک پوسٹیں تباہ کردیں، کیلر سیکٹر میں ڈوبہ مور پوسٹ، بٹالین ہیڈ کوارٹر سوجی اور پیر کانتھی سیکٹر میں جبار اینڈ ترکھیاں کمپلیکس مکمل تباہ کردی گئیں، ان پوسٹوں کی تباہی سے بھارتی فوج کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
