اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ڈرون حملے ہماری لوکیشنز کو جانچنے کیلئے تھے، آئندہ چند روز بتائیں گے کہ ہماری بہادر افواج کس طرح ملک کا دفاع کرسکتی ہیں۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ دنیا کا کوئی ملک ایسا نہیں ہے جس کے ساتھ ہمارے رابطے نہیں ہیں۔
ایران، سعودیہ، قطر اور چین کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر رابطے میں ہیں۔ ایک دو ملکوں نے ہلکی پھلکی بھارت کی حمایت کی ہے باقی سارے یا ہمارے ساتھ کھڑے ہیں یا پھر نیوٹرل ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ ان کے قریب ترین حلیف بھی نہیں کھڑے، ہم نے بھارت کے 5 جہاز گرائے ہیں جو جنگی تاریخ میں سنگ میل ہے۔
کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے کہ پاکستان کی فوج جوابی پوزیشن میں ہے، ہماری افواج کی جوابی کارروائی دن رات جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج بہادری سے ملک کا دفاع کررہی ہیں، پاکستانی قوم کو اطمینان ہونا چاہئے کہ انڈیا کے عزائم کو ملیا میٹ کیا جاچکا ہے، انڈیا کے عوام اور سیاست کے حوصلے پست ہوئے ہیں، پوری قوم افواج کے پیچھے کھڑی ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی سلامتی کے معاملے میں کسی قسم کا بیرونی دباؤ قبول نہیں کرے گا۔ قوم بالکل مطمئن رہے، ہم کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے 200 فی صد تیار ہیں، تاہم پاکستانی افواج بھارت کی طرح اپنی جوابی کارروائی میں بھارت کے سویلینز کو نشانہ نہیں بنائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان صرف فوجی تنصیبات پر حملے کرے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا اس وقت جھوٹ سے بھرا ہوا ہے، جس طرح جارحیت کے بعد بھارت کو ذلت کا عالمی سطح پر سامنا ہے، اب وہ اپنے عوام کو مطمئن کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور یہ سچائی بتانے سے گریز کررہے ہیں کہ ہمیں ہر جگہ پر مار ہی پڑ رہی ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل دونوں کا فطری اتحاد ہے اور یہ دونوں اسلام کے دشمن ہیں۔ ان کی اسلام مخالفت اور مسلمانوں سے نفرت پوری دنیا کے سامنے عیاں ہے۔دریں اثناء ایک انٹرویو میںوزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جہاز آئے تھے پھرڈرونز آئے ہیں، ہم اپنا دفاع کریں گے، ہم اس طرح کی صورتحال مزید برداشت نہیں کریں گے۔
بھارت پچھلے تین دنوں سے ٹمپریچر بڑھا رہا ہے،اللہ نہ کرے ایٹمی جنگ ہو، ایٹمی جنگ کا آپشن دونوں ممالک کے پاس نہیں ہے، اگلے 24 گھنٹے بہت اہم ہیں،ہمارا سارا فوکس عسکری شعبے کو ٹارگٹ کرنے کا ہے، آبی ذخائر کو ٹارگٹ کیا تو سویلین آبادی کا بہت نقصان ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے مشترکہ دوست کشیدگی میں کمی کیلئے کوشش کررہے ہیں، موجودہ حالات میں دونوں ممالک بند گلی میں جارہے ہیں، ہم بین الاقوامی کمیونٹی کو کہہ رہے ہیں کہ پہلگام واقعے کی تحقیقات کریں کہ واردات ہوئی بھی ہے یا نہیں؟ جبکہ انڈیا بغیر کسی ثبوت کے پاکستان کو ملوث کررہا ہے، سعودی عرب، فرانس ، یواے ای کسی سے بھی اس واقعے کی تحقیقات کروا لیں۔
انہوں نے کہا ہم بھارت کے خلاف کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں، بھارت کو کب جواب دیا جائے گا یہ ساری چیزیں قومی سلامتی کمیٹی نے اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھ میں دی ہوئی ہیں۔جوابی کارروائی میں بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنائیں گے۔
بھارتی ڈرون سے لاہور کے فضائی دفاع کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ خواجہ آصف نے کہا ہم اپنا دفاع کریں گے، ہم اس طرح کی صورتحال مزید برداشت نہیں کریں گے، مودی نے امریکا اور کینیڈا کا امن بھی تباہ کرنے کی کوشش کی۔