کراچی:بھارت کی جانب سے میزائل حملوں کے بعد بڑھتی ہو ئی کشیدگی کے پیش نظر کراچی ،لاہور اور سیالکوٹ ائیرپورٹ کی فضائی حدود کو ایک دفعہ پھر بندکردیا گیا۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق لاہور اورسیالکوٹ ایئرپورٹس جمعہ کی صبح 6 بجے تک مسافر پروازوں کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
ترجمان پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی پروازوں سے متعلق معلومات کے لیے متعلقہ ایئرلائنز سے رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔ائیرپورٹ حکام کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کی بندش کا دورانیہ مزید 6 گھنٹے بڑھا دیا گیا، آپریشنل وجوہات کی بنا پر کراچی ائیرپورٹ پر لینڈنگ اور ٹیک آف دن 11 بجے بند کی گئی تھی۔
قطر، جزیرہ ائیر، ائیر عربیہ اور فلائی دبئی کی پروازیں 10 گھنٹے سے روانگی کی منتظر ہیں، ائیرپورٹ کی بندش سے کراچی کی 43 پروازیں منسوخ جبکہ 65 غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔دوسری جانب ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے۔
فلائٹ آپریشن کی بحالی کا حتمی فیصلہ حکومتی منظوری سے مشروط ہے۔حکام کے مطابق فلائٹ آپریشن کی معطلی سے اب تک 62سے زائد پروازیں متاثر ہو چکی ہیں۔