بھارت کو جواب ضرور دینگے، وزیر داخلہ کی امریکی سفیر سے گفتگو

اسلام آباد:پاکستان اور بھارت کے مابین صورت حال کشیدہ ہے اور اسی دوران وزیر داخلہ سے قائم مقام امریکی سفیر نے ملاقات کی ۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی ملاقات کے موقع پر امریکی پولیٹیکل قونصلر زیک ہارکن رائیڈر اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری بھی موجود تھے۔اہم ملاقات میں بھارت کے حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قائم مقام امریکی سفیر کو بھارتی حملے سے پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے میں بریف کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ بھارت نے جنوبی ایشیا کے امن کو داؤ پر لگا دیا ہے اور بھارتی جارحیت کے نتیجے میں علاقائی امن تار تار ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے شہریوں کو نشانہ بنا کر بین الاقوامی قوانین کو پامال کیا کردیا۔ پاکستان نے دفاع وطن کے لیے دشمن کو بھرپور جواب دیا ہے۔ پاکستان نے ابھی انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا، لیکن ہم اپنی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ بھارت کے خطرناک عزائم سے پہلے ہی دوست ممالک کو آگاہ کر دیا تھا۔شہیدوں کے خون کے ہر قطرے کا بدلہ لیا جائے گا۔ پاکستان کا حوصلہ ناقابلِ شکست ہے، ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ہمارا جواب فیصلہ کْن ہوگا۔
بعد ازاںوزیر داخلہ سے اٹلی کے ہم منصب نے ملاقات کی اور بھارت کی بزدلانہ کارروائی و جارحیت کے حوالے سے آگاہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے کشیدگی میں کمی لانے کے لئے بامقصد کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
اطالوی وزیر داخلہ نے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں 26 شہریوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بھارت نے شہری آبادی کو نشانہ بنا کر بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑائیں اور بچوں خواتین سمیت 26 شہریوں کو شہید کیا۔خطے کی صورتحال کو خراب کرنے کا ذمہ دار بھارت ہے۔
ملاقات میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان تجارتی، سکیورٹی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی جبکہ اٹلی کے ساتھ سکیورٹی، انسداد منشیات و انسانی سمگلنگ اور دہشتگردی کے خلاف تعاون مزید مؤثر بنانے پر اتفاق بھی کیا گیا۔