پاکستان کا زمین سے زمین پر مار کرنیوالے فتح میزائل کا کامیاب تجربہ

اسلام آباد:پاکستان نے فتح سیریز کے زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میزائل کی رینج 120 کلومیٹر ہے اور یہ تجربہ جاری مشق اندس کا حصہ تھا۔

تربیتی تجربے کا مقصد افواج کی عملی تیاری کو یقینی بنانا اور میزائل کے جدید نیویگیشن سسٹم سمیت اس کی تکنیکی صلاحیتوں اور درستگی کو جانچنا تھا۔یہ تجربہ پاک فوج کے سینئر افسران کے ساتھ ساتھ پاکستان کے اسٹریٹجک اداروں کے سائنسدانوں اور انجینئروں نے بھی دیکھا کیا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی اسٹاف نے تجربے میں حصہ لینے والے افسران، سائنسدانوں اور انجینئروں کو کامیاب تجربے پر مبارکباد دی،پاکستان آرمی کی آپریشنل تیاری اور تکنیکی مہارت مکمل اعتماد کے قابل ہے۔ مادرِ وطن کی علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے فاتح میزائل کے کامیاب تجربہ پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔صدر مملکت نے ملکی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے سیکورٹی فورسز، سائنسدانوں اور انجینئرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ملکی سلامتی اور دفاع یقینی بنانے کے قومی عزم کا اعادہ کیا۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بھی زمین سے زمین پر وار کرنے والے فتح میزائل کی تربیتی لانچ کی کامیابی پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف، آرمی چیف اور اس کی تیاری میں شامل سائنسدانوں و انجینئرز کی کوششوں کی پذیرائی کی۔

انہوں نے کہا کہ تربیتی لانچ کی کامیابی سے واضح ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ملکی دفاع کے لیے بھرپور تیاری پر اطمینان کا اظہار کیا۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی فتح میزائل کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں، انجینئروں اور عسکری قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے اسٹریٹجک اداروں اور سیکورٹی فورسز کی بدولت پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔