لاہور/کراچی:جنوبی پنجاب میں گزشتہ روز گرج چمک کے ساتھ بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے4افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد راجن پور اور بہاولپور کے رہائشی تھے، ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے متعلقہ اضلاع کے ڈی سیز سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی معاونت کی جائے گی، انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد افسوس ہے، قدرتی آفات کا مقابلہ ملکر اور باہمی تعاون سے ہی ممکن ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام الناس سے درخواست کی کہ خراب موسم میں محفوظ مقامات پر رہیں اور کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں۔
ادھرمحکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں میں ملک کے بالائی علاقوں سمیت پنجاب ، خطہ پوٹھوہار،خیبرپختونخوا، کشمیر اورگلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے جبکہ گزشتہ 24گھنٹوں میں سندھ کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی وجہ سے 300 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے،چھتیں اورآسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 2افراد جاںبحق اور 16زخمی ہوگئے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور شہر میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 23 اور زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، آئندہ چند روز تک درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی جائے گی۔
بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، خضدار، قلات، لسبیلہ اور گردونواح میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے علاوہ دادو،جیکب آباد، سبی اور موہنجوداڑو میں 44، کراچی، ملتان اور ساہیوال میں 37، لاہور اور پشاور میں 35، اسلام آباد اور کوئٹہ میں 33 اور مظفر آباد اور گلگت میں 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب سندھ کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز گرج چمک کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔حیدرآباد، جام شورو اور ٹنڈوالہ یار سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں ہفتے کی شام گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس کے باعث حیسکو ریجن میں 300 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے اور کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔
گولارچی میں رات بھر چلنے والے مٹی کے شدید طوفان نے شہر کا نظام زندگی مفلوج کر دیا۔ حدِ نگاہ کم ہو گئی، لوگ گھروں میں محصور ہو گئے اور بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بند ہو گئی۔دوسری جانب ڈیرہ غازی خان، میانوالی، لودھراں اور بہاولپور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بھکر میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد زخمی بھی ہوئے۔
اسلام آباد، خیبرپختونخوا میں بھی موسلادھار بارشوں نے موسم کو تو خوشگوار کر دیا مگرتیز ہوائوں اور ژالہ باری کے باعث کئی مقامات پر درخت اور سائن بورڈز گر گئے۔ اسلام آباد میں شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور موسم کی صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
شہرِ قائد کراچی میں بھی بارش کی نوید سنائی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر اور منگل کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جس کے پیشِ نظر بلدیاتی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ادھر محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق مئی سے جولائی کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول کے مطابق بارشوں کا امکان ہے جبکہ اس دوران ملک کے میدانی علاقوں میں ہیٹ ویو اور کہیں سیلاب کا بھی خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق فروری سے اپریل تک سندھ اور جنوبی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں معمول سے کم بارش ہوئی، شمالی اور وسطی علاقوں میں درمیانی اور شدید بارشیں ہوئیں جب کہ بارش کم ہونے کی وجہ سے مٹی میں نمی بھی کم ہوگئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے شمال مشرقی پنجاب میں سب سے زیادہ بارش کا امکان ہے،خیبرپختونخوا ،گلگت بلتستان اور کشمیر میں معمول سے کم بارشیںمتوقع ہے، پنجاب، سندھ، بلوچستان اور جنوبی خیبرپختونخوا میں معمول کے مطابق بارش ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مئی سے جولائی کے دوران ہیٹ ویو کا امکان بھی موجود ہے، جنوبی پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں ہیٹ ویوز آسکتی ہیں، جون، جولائی میں سندھ، پنجاب، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے کچھ علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔
اس دوران خیبرپختونخواکے بالائی علاقوں، گلگت بلتستان اور کشمیر میں درجہ حرارت میں اضافے کی توقع ہے، زیادہ درجہ حرارت سے برف پگھلنے کی رفتار بڑھے گی اور دریائوں میں پانی کے بہا ئومیں اضافہ ہوگا۔