بھارت پاکستان سے لڑ ہی نہیں سکتا،مشاہد حسین سید نے وجوہات بتادیں

لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کی صورت چین پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوگا۔

چینی خارجہ پالیسی، علاقائی حکمت عملی اور چینی سٹریٹجی میں پاکستان کا دفاع ریڈ لائن میں شامل ہے،چین بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا ترجمان ہے اور پاکستان بھی چین کا سچا دوست ہے۔

ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کشیدگی میں دنیا پاکستان کے موقف کی تائید کررہی ہے کیونکہ پاکستان حق پر کھڑا ہے، اس وقت دنیا کی 3 بڑی طاقتیں امریکا ، چین اور روس پاکستان کے ساتھ ہیں۔پاک بھارت جنگ ہوتی نظر نہیں آ رہی تاہم اگر جنگ ہوئی تو افواج پاکستان سمیت حکومت اور قوم مکمل تیار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ جنگ اس لیے ہوتی نظر نہیں آرہی کیونکہ دشمن ملک بھارت پاکستان کی صلاحیت کو جانتا ہے، دوسرا یہ کہ بھارت کو جنگ کے لیے امریکا سے این او سی بھی نہیں ملا، تیسرا یہ کہ بھارتی معیشت جنگ کی متحمل نہیں ہو سکتی، ماضی میں بھی جنگی حالات کے باعث غیرملکی سرمایہ کار واپس جارہے تھے۔