بھارتی مہم جوئی کا فوری اوردوٹوک جواب دیا جائیگا،آرمی چیف

راولپنڈی: پاک فوج کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر نے بزدل دشمن کو دو ٹوک الفاظ میں پیغام دیتے ہوئے کہاہے کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، کسی بھی عسکری مہم جوئی کا فوری، دوٹوک اور بلند سطح پر جواب دیا جائے گا، پاکستان علاقائی امن کے لئے پرعزم ہے تاہم اپنی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کا دفاع کرنے کے لیے تیار ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ٹِلا فیلڈ فائرنگ رینجز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستان آرمی کی منگلا اسٹرائیک کور کے زیرانتظام تربیتی فوجی مشق ہیمر اسٹرائیک کا مشاہدہ کیا جو کہ انتہائی شدت کی فیلڈ ٹریننگ مشق ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کے مشقوں کے علاقے میں پہنچنے پر کور کمانڈر نے ان کا استقبال کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق مشق میں جنگی تیاریوں، میدان جنگ میں مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی اور میدان جنگ کے حقیقی حالات میں جدید ہتھیاروں کے نظام کے مربوط آپریشنل استعمال کو یقینی بنایا گیا تھا۔

مشقوں میں جدید صلاحیتوں کے ساتھ، ملٹی رول لڑاکا طیاروں، جنگی ہوا بازی کے عناصر، طویل فاصلے تک استعمال کے توپ خانے اور نیکسٹ جنریشن فیلڈ انجینئرنگ تکنیک کو روایتی میدان جنگ کے ماحول میں استعمال کیا گیا۔

اس موقع پر تمام ہتھیاروں کے ساتھ مختلف دستوں نے جارحانہ صورتحال کے دوران غیر معمولی حکمت عملی، مستعدی کا شاندار مظاہرہ کیا، شریک دستوں نے بہترین تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت کی غیر معمولی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، جنگی مہارت اور جذبے کو سراہتے ہوئے انہیں پاک فوج کی آپریشنل عمدگی کا مظہر قرار دیا۔جنرل عاصم منیر نے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج ہر قیمت پر ملک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

آرمی چیف نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے واضح کیا کہ بھارت کسی ابہام میں نہ رہے، اگر بھارت کی طرف سے کسی بھی قسم کی فوجی مہم جوئی ہوئی تو فوری، بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاکستان علاقائی امن کے لئے پرعزم ہے اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

مشق ہیمراسٹرائیک سخت تربیت، نظریاتی اور تکنیکی جدت کے ذریعے وطن کے دفاع کیلئے پاک فوج کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے، اعلیٰ فوجی قیادت، فارمیشن کمانڈرز اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شرکاء نے مشق کا مشاہدہ کیا۔

دوسری جانب پاک فوج دشمن کو دھول چٹانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور اس سلسلے میں جنگی مشقوں میں جدید ہتھیاروں کا عملی مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جنگی مشقیں پورے زور و شور سے جاری ہیں اور جنگی حکمت عملی کے پیش نظر ان مشقوں میں جدید ہتھیاروں کا عملی مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔

جنگی مشقوں میں پاک فوج کے افسران اور جوان اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں کا بھرپور طریقے سے اظہار کررہے ہیں۔ جنگی مشقوں کا مقصد دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بروقت، بھرپور اور منہ توڑ جواب دینا ہے۔

سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج دْشمن کی کسی بھی جارحیت کا دندان شکن جواب دینے کے لیے ہر دم تیار ہے۔پاک فضائیہ نے ہمیشہ پاکستان کی سالمیت کی خاطر اپنی پیشہ ورانہ ذمے داریاں مؤثر انداز میں ادا کی ہیں۔

پاکستان ائیر فورس پوری دنیا میں اپنی تکنیکی مہارت اور دلیرانہ شہرت سے جانی جاتی ہے۔جدید ترین لڑاکا طیاروں سے لیس پاکستان ائیر فورس کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار اور پْر عزم ہے۔