پاک بھارت کشیدگی،کراچی،لاہور کی مخصوص فضائی حدود ایک ماہ کیلئے بند

کراچی:پاک بھارت کشیدگی کے باعث کراچی اور لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن کی کچھ فضائی حدود کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔لاہور کراچی فلائٹ انفارمیشن ریجن کا مخصوص حصہ ایک ماہ کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے نوٹم بھی جاری کردیا گیا ہے۔

ایوی ایشن ذرائع نے کہا کہ سیکورٹی وجوہات پر مخصوص فضائی حدود یکم سے 31 مئی تک بند رہے گی، اس دوران ائیر ٹریفک کنٹرولرز کمرشل پروازوں کو متبادل رہنمائی فراہم کریں گے تاکہ فضائی آمد و رفت متاثر نہ ہو۔

حکام نے کہا کہ اس جزوی بندش سے فلائٹ آپریشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور پروازیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔

دوسری جانب بھارت نے پاکستان کے لئے اپنی فضائی حدود بند کردیں۔بھارتی حکومت نے پاکستان کیلئے فضائی بندش کا نوٹم جاری کر دیا ہے جس کے مطابق 23 مئی تک بھارتی فضائی حدود تمام پاکستانی طیاروں کیلئے بند رہیں گی۔

قومی ایئرلائن پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے احتیاط کے طور پر پہلے ہی بھارتی فضائی حدود کا استعمال روک چکی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے پہلگام حملے کو جواز بناکر بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کے اعلان پر پاکستان نے بھارتی ایئرلائنز کیلئے اپنی فضائی حدود بند کر دی تھیں۔پاکستان کی فضائی حدود کی اچانک بندش سے بھارتی ایئر لائنز کو ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے۔