بھارت سے واپسی پر پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے کو ہراسانی کا سامنا

اسلام آباد:پڑوسی ملک بھارت سے وطن واپسی پر پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے کو ہراسانی کا سامنا کرنے کا شرمناک واقعہ پیش آیا ہے۔

پاکستانی ہائی کمیشن کا عملہ جب اٹاری بارڈر پہنچا تو بھارتی عملے نے ان سے پاسپورٹ لے لیے، جب کہ بھارتی فوج اور پولیس کی موجودگی میں میڈیا کی جانب سے پاکستانی سفارتی اہلکاروں سے بدتمیزی کی گئی۔

اٹاری بارڈر پر موجود بھارتی عملے اور میڈیا کی جانب سے پاکستانیوں کو ہراساں کیا گیا، واضح رہے کہ پاکستان نے اپنے ہائی کمیشن میں عملے کی تعداد کو 55 سے کم کر کے 30 کر دیا ہے اور یہ سفارت کار اور سفارتی عملہ اب مستقل طور پر بھارت سے واپس آ رہا ہے، ان کے ساتھ ان کے اہلخانہ بھی واپس آ رہے ہیں۔

ادھربھارت کی جانب سے ویزے منسوخ کیے جانے کے بعد پاکستانیوں کو واپسی میں پریشانی کا سامنا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق بھارت کی جانب سے ویزے منسوخ کیے جانے کے بعد وطن واپس لوٹنے والے پاکستانیوں کو مشکلات اور ہراسانی کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔