اسلام آباد:حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سینیٹ ارکان کا کہنا ہے کہ ہم بھارت کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے، ملکی سلامتی کیلئے ہم سب یکجا ہیں، پاکستان پر الزامات نئی دہلی کا وطیرہ ہے، بھارت ہمیشہ جھوٹ بولتا ہے، مودی سیاسی مفاد کے لیے نفرتیں پھیلا رہا ہے۔
بھارت حملے سے سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، حکومت کل جماعتی کانفرنس بلائے، مودی اپنے گریبان میں جھانکے، اور یہ بات جان لے کہ دنیا بے وقوف نہیں ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی صدارت میں ہونے والے سینیٹ کے اجلاس میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے پہلگام واقعے پر بھارت کے جھوٹے الزامات پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
سینیٹ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ مودی کی انتہا پسند حکومت نے پاکستان پر الزام لگایا، پاکستان پر بھارتی الزامات بدنیتی پر مبنی ہے، مودی کیلئے پیغام ہے کہ دنیا بے وقوف نہیں، مودی حکومت حملہ سے سیاسی فوائد حاصل کرنا چاہتی ہے۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ مودی سیاسی فوائد کیلئے نفرتیں پھیلا رہا ہے، بھارت ہمیشہ سے جھوٹے الزامات لگاتے آیا ہے، بھارت مقبوضہ وادی میں کیا کر رہا ہے؟اپنے گریباں میں جھانکے، بھارت میں کچھ بھی ہو وہ پاکستان پرالزام لگا دیتا ہے، بھارت کا اصل مقصد سندھ طاس معاہدہ ختم کرنا ہے۔
انھوں نے کہا کہ بھارت نے کئی بار سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی، سندھ طاس معاہدہ معطل کرنا غیر قانونی اقدام ہے، پاکستان کا پانی روکنا بھارت کا اعلان جنگ ہے، مودی ہمیں ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم نہ ڈرے تھیاور نہ ہی ڈریں گے، بھارتی عوام اپنی حکومت کے ساتھ نہیں، مودی بھارت کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں، ہم خودمختارقوم اورایٹمی طاقت ہیں۔
سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر فیصل واوڈا نے نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بھارت کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے، ملکی سلامتی کیلئے ہم سب یکجا ہیں، بھارت سندھ طاس معاہدہ یک طرفہ ختم نہیں کر سکتا، پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں کو مل کر بیٹھنا چاہیے۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک 90 ہزار کشمیری شہید ہو چکے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا سلسلہ بہت پرانا ہے، مقبوضہ کشمیر میں ہر 7 افراد پر ایک فوجی بندوق تانے کھڑا ہے۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ بھارت مسلمانون کیلئے دنیا کی سب سے بڑی قتل گاہ بن کر رہ گیا ہے۔ این آئی اے کو کل ٹاکس ملا کہ مجرموں کا سراغ لگائیں، کمیٹی کل بنی اور پہلے ہی پاکستان پر حملے کا الزام لگایا گیا ہے، ایسے لگتا ہے کہ پہلگام واقعے سے پہلے ایف آئی آر تیار تھی۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جگہ جگہ چوکیاں اور ناکے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کے گھر جلائے گئے، جائیدادیں ضبط کی گئیں، بھارت مسلمانون کیلئے دنیا کی سب سے بڑی قتل گاہ بن کر رہ گیا ہے۔سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف شبلی فراز نے کہا کہ بھارت کے اقدامات کو جنگ کے طور پر دیکھ رہے ہیں، دشمن ہم پر جان لیوا وار کرنا چاہتا ہے۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں ظلم و جبر کا بازار گرم کیا گیا، کشمیری نسل در نسل مزاحمت کر رہے ہیں، ہندوتوا سوچ نے بھارت میں اقلیتوں کو نقصان پہنچایا۔سینیٹر جان بلیدی نے کہا کہ دہشت گردی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان تشویش ناک صورتحال ہے۔
دونوں ممالک کی قیادتیں سلطان راہی نہ بنیں۔ دونوں قیادتوں کو حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرنا چاہئے، دونوں قیادتوں کو اپنی باتوں کی سنگینی کا احساس ہونا چاہئے۔انھوں نے کہا کہ بھارت میں اتنی طاقت نہیں کہ پاکستان کو کھا جائے ۔