لاہور:پاکستان اور چین نے علاقائی امن واستحکام کے قیام ،باہمی احترام اور مفاہمت کو فروغ دینے اور یکطرفہ اقدامات اورتسلط پسندانہ پالیسیوں کی مشترکہ طورپر مخالفت کی ہے۔ سرکاری ریڈیو کے مطابق یہ اتفاق رائے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اورچین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کے درمیان ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران ہوا ۔
گفتگو کے دوران سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی کو خطے کی موجودہ صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا ۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں بھارت کے یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات کے علاوہ پاکستان کے خلاف اس کے بے بنیاد پراپیگنڈے کو یکسر مستردکیا۔
چین کی مستقل اورغیرمتزلزل حمایت کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے پاکستان اور چین کی مضبوط دوستی اور مستقل تزویراتی شراکت داری کیلئے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔