ریاض:سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار سے فون پر بات چیت کی ہے جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی پیش رفت اور کشیدگی کو کم کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ پرنس فیصل کو ٹیلی فونک رابطے میں پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ یہ فیصلے بھارت کی جانب سے یکطرفہ طور پر کیے گئے اقدامات کے نتیجے میں ہیں۔
اسحاق ڈار نے بھارت کی جانب سے لگائے گئے بے بنیاد الزامات کو مسترد کیا اور کسی بھی جارحیت پر پاکستان کے سخت جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال پر مشاورت اور رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
دریں اثناء سعودی وزیر خارجہ نے اپنے ہندوستانی ہم منصب ڈاکٹر سبرامنیم جے شنکر کوبھی فون کیا جس میںدو طرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی پیشرفت اور کشیدگی کو کم کرنے کی کوششوں پر بھی بات چیت کی گئی۔
دوسری جانب وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی ایرانی ہم منصب سید عباس عراقچی سے بھی ٹیلی فونک گفتگو ہوئی جس میں وزیرخارجہ نے ایران امریکا مذاکرات کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ادھرایران نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لیے ثالثی کی پیشکش کردی ۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ دونوں ممالک ایران کے پڑوسی اور ثقافتی،تہذیبی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں پاکستان بھارت کے درمیان افہام و تفہیم کے لیے ہر ممکن کوشش کے لیے تیار ہیں۔