191 پاکستانی انڈیا سے واپس، 287 بھارتی لوٹ گئے

لاہور:پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے واہگہ اٹاری بارڈر بند ہے تاہم بھارت سے پاکستانیوں اور یہاں سے بھارتی شہریوں کی اپنے اپنے ملک واپسی کا سلسلہ جاری رہا، گزشتہ روز191 پاکستانی شہری انڈیا سے واپس پاکستان پہنچے جبکہ یہاں سے 287 بھارتی شہر ی واپس لوٹ گئے۔

غیرملکی شہریوں سمیت این آر آئی، لانگ ٹرم ویزا اور نو اوبجیکشن ریٹرن ٹو انڈیا کی اجازت کے حامل شہریوں کو بارڈر کراس کرنے کی اجازت نہیں مل سکی۔ بھارتی حکام نے 18کے قریب ایسی خواتین اور ان کی فیملیز کو پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی جن کی شادیاں پاکستان میں ہوئی ہیں۔

نجی ٹی وی کو موصولہ اطلاعات کے مطابق ان خواتین نے بھارتی بارڈ ر پر احتجاج بھی کیا، جودھپور سے تعلق رکھنے والی افشین جہانگیر کا کہنا تھا کہ مجھے کسی بھی قیمت پر آج اپنے بچوں کے پاس جانا ہے، میرے دو بچے اور شوہر پاکستان میں ہیں۔صرف 48 گھنٹوں کے لیے بھارت اپنے والدین سے ملنے آئی تھیں مگر اب انہیں واپس نہیں جانے دیا جا رہا۔

دہلی سے آنے والی شادی شدہ خاتون شاداب نے بتایا کہ ان کے چار بچے کراچی میں ہیں جو والدہ کی جدائی میں روتے ہیں۔