کوئٹہ میں دھماکا، 4 ایف سی اہلکار شہید، 3 زخمی

کوئٹہ : کوئٹہ کے نواحی علاقے مارگٹ میں ایف سی کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا جس کے سبب چار اہل کار شہید اور تین زخمی ہوگئے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق واقعے کے فوری بعد امدادی ادارہ اور فورسز جائے وقوعہ پہنچ گئے، لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا خیز مواد سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا، موقع سے شواہد جمع کرلیے گئے ہیں، مزید تحقیقات جاری ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں بارودی سرنگ دھماکے میں 4 ایف سی اہل کاروں کی شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ کے علاقے میں بارودی سرنگ دھماکے میں شہید ہونے والے ایف سی کے چار جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور زخمی اہل کاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ ایف سی اہلکاروں نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا ہے۔ بہادر سپوتوں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کے لیے ایف سی کے جوانوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دشمن ایسی بزدلانہ کارروائیاں کرکے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش کر رہا ہے۔ عدم استحکام پیدا کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔