بھارتی بدحواسیاں، اشتعال انگیز اقدامات کا سلسلہ مزید تیز کردیا

اسلام آباد:بھارت نے آبی دہشت گردی شروع کرتے ہوئے دریائے چناب اور جہلم کا پانی روک لیا۔
بھارت کی جانب سے دریائے جہلم کا 5 ہزار کیوسک اور دریائے چناب کا 7 ہزار کیوسک پانی روک لیا گیا ہے۔
دریائے جہلم میں گزشتہ روز پانی کا بہاؤ 49 ہزار کیوسک تھا، دریائے جہلم میں آج پانی کا بہاؤ 44 ہزار کیو سک ہے۔
اسی طرح دریائے چناب میں گزشتہ روز پانی کا بہاؤ 29 ہزار کیوسک تھا، جبکہ دریائے چناب میں آج پانی کا بہاؤ 22 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پہلگام واقعے کے بعد واگہ بارڈر پر ہونے والی روایتی پریڈ بھی محدود کردی گئی۔ پریڈ کے دوران دونوں ملکوں کے گیٹ بند رہیں گے۔سیکورٹی ذرائع نے کہا کہ پریڈ کے دوران رینجرز اور بی ایس ایف کے جوان ایک دوسرے سے روایتی مصافحہ بھی نہیں کریں گے۔
بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز نے اٹاری، حسینی والا اور صادقی میں بھی بارڈر تقریبات محدود کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
علاوہ ازیں بھارت نے حکومتِ پاکستان کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ ملک بھر میں بلاک کر دیا۔گورنمنٹ آف پاکستان کے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) ہینڈل کو بھارت میں بند کیا گیا ہے۔