وفاقی حکومت کینال منصوبے سے پسپا، پی پی کی بڑی کامیابی

اسلام آباد:دریائے سندھ پر نہریں نہ بنانے پر وفاق اور سندھ میں اتفاق ہوگیا، جس کے بعد حکومت نے پاکستان پیپلزپارٹی کا مؤقف تسلیم کرلیا۔ حکومت نے دریائے سندھ سے نئی نہریں نکالنے کا فیصلہ واپس لے لیا۔
وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کے لیے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلزپارٹی کا وفد وزیراعظم آفس پہنچ پہنچا۔
پیپلز پارٹی کے وفد میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، راجہ پرویز اشرف، ہمایوں خان، ندیم افضل چن، شازیہ مری، جام خان شورو اور جمیل احمد سومرو شامل تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد کی ملاقات ہوئی، جس میں نئی نہروں کے معاملے پر سندھ حکومت کے تحفظات سے آگاہ کیا گیا۔
بعد ازاںوفاقی دارالحکومت میں بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مشترکہ مفادات کونسل میں جب تک رضا مندی سے کوئی فیصلہ نہیں ہو جاتا تب تک کوئی نہر نہیں بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس 2مئی ہو گا۔ پاکستان ایک فیڈریشن ہے اور اس کے کچھ تقاضے ہیں، کینالز منصوبے اور ملکی صورتحال پر بڑی سنجیدگی سے بات کی، صوبوں کے درمیان معاملات بات چیت سے طے کیے جاتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے پیپلزپارٹی اور سندھ کے عوام کے تحفظات سننے اور اقدامات کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔