آئی ایم ایف کا ترقیاتی بجٹ سے صوبائی منصوبے ختم کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد:عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)نے ترقیاتی بجٹ سے صوبائی نوعیت کے ترقیاتی منصوبے ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔وفاق 18ویں ترمیم کے بعد منتقل صوبائی منصوبوں پر ترقیاتی بجٹ خرچ نہ کرے۔

ذرائع کے مطابق وفاق آئندہ بجٹ میں 168صوبائی ترقیاتی منصوبے وفاقی بجٹ سے نکالنے پر مجبور ہے۔صوبائی نوعیت کے 168ترقیاتی منصوبوں کی لاگت 1100ارب روپے ہے جبکہ وفاق 300ارب روپے خرچ کر چکا ہے۔

آئی ایم ایف نے صوبائی نوعیت کے 168منصوبوں پر مزید خرچ کرنے سے روک دیا ہے۔ان منصوبوں کو مکمل کرنے کے لیے وفاق کو مزید 800ارب روپے خرچ کرنا تھے تاہم اب 168صوبائی نوعیت کے منصوبے صوبائی ترقیاتی بجٹ سے مکمل کیے جا سکتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض ترقیاتی منصوبے قانونی مقدمات کے باعث طویل عرصے سے زیرِ التوا ہیں۔وزارتوں نے جن منصوبوں کی نشاندہی کی تھی انہیں مکمل کرنا ترجیح ہے۔