سرمایہ کاروں کے لیے آسان ، قابل عمل منصوبہ تیارکیا جائے،مریم نواز

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پلسر گولڈ اور آئرن پروجیکٹ سے متعلق جامع بزنس پلان طلب کرتے ہوئے مقامی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے آسان اور قابل عمل منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔ وزیراعلیٰ نے معدنیات کے خزانے کی سرویلنس مؤثر بنانے کا حکم بھی دیا۔بریفنگ کے دوران وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ پنک سالٹ کو خام کی بجائے ویلیو ایڈڈ پروڈکٹس کی شکل میں ایکسپورٹ کو ترجیح دی جائے گی۔

راک سالٹ سے ویلیو ایڈڈ مصنوعات کے لیے اسپیشل اکنامک زون سمیت قائدآباد میں اسپیشل اکنامک زون کو 10 سال کے لیے ٹیکس فری قرار دینے کی تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔بریفنگ کے دوران اجلاس کو بتایا گیا کہ قائد آباد اسپیشل اکنامک زون میں بنیادی انفرا اسٹرکچر بھی فراہم کیا جائے گا، چنیوٹ میں 261ملین ٹن آئرن اور کے معدنی ذخائر کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پلسر گولڈ پروجیکٹ سے 33ہزار کلو گرام سونا حاصل کیاجاسکتا ہے، جس پر عملدرآمد کے لیے صوبائی انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی نے منطوری دے د ی ہے ۔ادھروزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے حکومتی ارکان کی پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں عدم دلچسپی پرناراضی کا اظہار کیا ہے ۔نجی ٹی وی کے اپوزیشن کی جانب سے پیر کے روز کورم کی نشاندہی کی وجہ سے نوازشریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ 2025ء کا بل منظور نہیں کرایا جا سکا تھا جس کا وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سختی سے نوٹس لیا۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ زمین صرف ہماری نہیں، آنے والی نسلوں کی بھی امانت ہے۔ارتھ ڈ ے پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ زمین کے تحفظ کیلئے ہمیں قدرتی وسائل اور درختوں کو بچانا ہے، زمین کو محفوظ بنانے کیلئے آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت قدرتی مسکن کی حفاظت کے مشن میں سب سے آگے ہے، حکومت پنجاب نے زمینی ماحولیاتی تحفظ کو اپنی پالیسی کا مرکزی حصہ بنایا ہے، زمین کے تحفظ کیلئے سرسبز پنجاب مہم کے تحت لاکھوں درخت لگائے جا چکے ہیں۔