کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس 88 سال کی عمر میں چل بسے

کراچی: کیتھولک مسیحی برادری کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس خورخے ماریو برگولیو 88 سال کی عمر میں چل بسے۔

اس حوالے سے ویٹی کن سٹی نے اعلامیہ جاری کر دیا۔ پوپ فرانسس رومن کیتھولک چرچ کے پہلے لاطینی امریکی رہنما تھے، وہ طویل بیماری کے بعد چند روز قبل ہی صحت یاب ہو کر اسپتال سے ڈسچارج ہوئے تھے۔

88 سالہ پوپ فرانسس کو 14 فروری کو سانس کی شدید تکلیف کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔نمونیا کے باعث 5 ہفتے اسپتال میں گزارنے کے بعد پوپ فرانسس گزشتہ ماہ ویٹی کن سٹی لوٹے تھے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق پوپ فرانسس نے اتوار کو ایسٹر کے موقع پر لوگوں سے ملاقاتیں بھی کی تھیں اور غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا تھا۔

وہ 17 دسمبر 1936 کو ارجنٹینا کے شہر بیونس آئرس میں پیدا ہوئے تھے اور 2013 میں رومن کیتھولک چرچ کے سربراہ بنے تھے۔پوپ فرانسس اس سے پہلے ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس کے آرچ بشپ تھے۔ خورخے ماریو مارچ 2013 میں بینیڈکٹ کے استعفے کے بعد پوپ منتخب ہوئے تھے اور 12 سال تک پوپ کے عہدے پر فائز رہے۔