کراچی:وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بارش کی وجہ سے ممبئی بھی ڈوبا ہوا ہے اور لاہور بھی ڈوب گیا تھا۔کراچی میں نرسری کے مقام پر میڈیا سے گفتگو کے دوران مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں کل شدید بارش ہوئی، شہر میں 180 سے 185 ملی میٹر کے قریب بارش ہوئی جب کہ ممبئی میں کراچی سے 10 گنا زیادہ بارش ہوتی ہے اور اس وقت ممبئی مکمل ڈوبا ہوا ہے اور لاہور بھی ڈوب گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی اتنی بارش ہوتی ہے تو فلڈنگ ہوتی ہے لیکن بارش کے دوران ہی تنقید کی گئی کہ سڑکوں پر پانی ہے، میڈیا پر بھی کہا گیا کہ انتظامیہ تیار نہیں تھی۔ان کا کہنا تھا کہ اگر نالے صاف نہیں ہوتے تو یہ پانی کہاں جارہا ہے، کیا نالے راتوں رات صاف کرلیے گئے۔
یہ ہمارا کام ہے، ہم اپنی ذمہ داری بخوبی سمجھتے ہیں،انہوں نے کہا کہ رات کو ہمیں بریفنگ دی گئی کہ اگلے دن تیز بارش ہونے کا امکان ہے جس پر ہم نے پہلے صرف اسکولوں کی چھٹی اور پھر عام تعطیل کا اعلان کیا، لیکن آپ مجھے بتائیں کیا اس وقت شہر میں عام تعطیل ہے۔
عام تعطیل کے باوجود سیکڑوں کی تعداد میں گاڑیاں سڑکوں پر دکھائی دے رہی ہیں، ان سب کو گھروں میں ہونا چاہیے تھا لیکن ہمارے شہریوں کو احساس نہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بارش ہوگی تو پانی جمع ہوگا، بارش رْکے گی تو پانی نکال دیں گے۔
مراد علی شاہ کا کہناتھاکہ موسمی تبدیلی کے اثرات پوری دنیا پرمرتب ہو رہے ہیں۔مراد علی شاہ کا کہنا تھاکہ اگر 100 ملی میٹر کی بارش کے نکاسی کا نظام بنانا ہے تو شہر کو پھر کھودنا ہوگا۔کراچی کے نکاسی آب کا نظام اتنی بھاری بارش کے لیے ڈیزائن نہیں ہوا۔
مستقبل میں اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے جدید نکاسی نظام ناگزیر ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ ہر ادارہ کراچی میں روڈ کٹنگ کی اجازت دے دیتا ہے جس کی وجہ سے بارشوں کے دوران مسائل ہوتے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اب روڈ کٹنگ اتھارٹی بنا رہے ہیں جو روڈ کٹنگ کی اجازت دے گی۔