اسرائیل سے دوستی قبول نہیں، پاکستان میں حماس کا دفتر کھولا جائے،حافظ نعیم الرحمن

اسلام آباد:جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے پاکستان میں حماس کا دفتر کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی دوستی کسی صورت قبول نہیں کی جائیگی، مسلم حکمران امریکا اور یورپ کے طلبہ سے سبق سیکھیں جو فلسطین کے مظلوم عوام کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں۔

اسلام آباد میں غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ علمائے کرام نے فلسطین میں جہاد کا فتویٰ دیا ہے لیکن حکمران اس کی راہ میں رکاوٹ ہیں، تاہم ہم اسرائیلی اشیاء کا بائیکاٹ کریں گے، اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر فلسطین کے حق میں آواز اٹھائی جائیگی۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے حکمران غلام ابنِ غلام ہیں، لیکن ہم محب وطن شہری ہیں اور فلسطین کو یکجہتی کا پیغام دینا چاہتے ہیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ ہمارے حکمران اسرائیل سے ڈرتے ہیں، اسی لیے پورا اسلام آبادبند کردیا ہے، ہم اگر اعلان کریں تو کوئی کنٹینر ہمارا راستہ نہیں روک سکتا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ امریکا قاتل اور دہشتگرد ہے جو اسرائیل کی پشت پناہی کررہا ہے، فلسطینیوں کی نسل کشی امریکا کی ایما پر ہورہی ہے، ہم سب کو مل کر امریکا پر دبائو ڈالنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ فلسطین کے معاملے پر ہماری اپوزیشن بھی خاموش ہے، ان کو جب اپنے مفادات ہوتے ہیں تو اسٹیبلشمنٹ سے بات بھی ہو جاتی ہے، لیکن اس وقت انہیں ٹرمپ کی خوشنودی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ڈاکٹر لیاقت علی خان نے واضح کردیا تھا کہ پاکستان کبھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کریگا، ہمیں بتایا جائے کہ پاکستان سے کون لوگ اسرائیل کا دورہ کرنے گئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور امریکا و اسرائیل پر دبائو بڑھانے کے لیے 26 اپریل کو ملک گیر ہڑتال ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ اسرائیل کی وحشیانہ بربریت کو روکنے کے لیے ہمیں متحد ہونا پڑے گا۔حکمران سوئے ہوئے ہیں مگر امت سوئی ہوئی نہیں ہے،حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم کسی بندوق اور گولی سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے عالم اسلام کے لیے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ لوگ پاکستان کی طرف بڑی امید سے دیکھتے ہیں، امریکا نہ دشمنوں کا ہے نہ دوستوں کا، یہ دہشت گردی کو سپورٹ کرتا ہے۔

دوسری جانب جماعت اسلامی کے یکجہتی فلسطین مارچ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں اتوار کو سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے اور ریڈ زون کے تمام داخلی و خارجی راستے کنٹینرز اور خاردار تاروں سے سیل کر دیے گئے۔

اس موقع پروفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، دونوں حکومتی ذمہ داران نے اسلام آباد میں یکجہتی فلسطین مارچ کے حوالے سے گفتگو کی۔

دونوں حکومتی عہدیداران نے جماعت اسلامی کے رہنما سے پرامن رہنے کی اپیل کی۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ حکومت کو کوئی حق نہیں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی مارچ کو روکے، جماعت اسلامی کا فلسطین سے اظہار یکجہتی مارچ پر امن ہوگا، حکومت رکاوٹیں کھڑی کر کے پوری دنیا میں رسوا نہ ہو۔