کراچی/اسلام آبا/پشاور:کراچی میں کل سے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے، شہر تین دن ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہے گا، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا۔
شہر کراچی میں کل سے درجہ حرارت میں 4 سے 6 ڈگری اضافہ متوقع ہے جبکہ 23 اپریل تک ہیٹ ویو کی صورتحال قائم رہنے کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 25 سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا، شہر میں کل سے سمندری ہوائیں بھی بند رہیں گی جبکہ پارہ 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ،دن کے اوقات میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، اس دوران راتیں بھی گرم رہنے کا امکان ہے۔شدید گرمی کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں میں ملک کے مختلف مقامات پر بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں آندھی و گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے بعض مقامات پر تیز بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ مری ،اٹک ، چکوال، جہلم، سیالکوٹ اور نارووال میں بھی بارش اور ژالہ باری متوقع ہے
جبکہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ موسمیات نے بتایا کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے ، اس کے علاوہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔پنجاب کے وسطی اور جنوبی اضلاع میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی تاہم پنجاب اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔
ادھر لنڈی کوتل، طور خم و دیگر علاقوں میں طوفانی بارش سے چل تھل ہوگیا۔ برساتی ریلوں میں مال بردار گاڑیوں پھنس گئیں، تیز ہوائوں اور بارش کے باعث پاک افغان شاہراہ بھی بند کر دی گئی۔