حجرہ شاہ مقیم:سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی ن لیگ پر تنقید ان کی اپنی جماعت کے ووٹرز کو مطمئن کرنے کی سیاسی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی اپنی اپنی سیاست ہے اور دونوں جماعتوں کی باہمی مخاصمت کی بھی ایک طویل تاریخ ہے تاہم ملکی مفاد میں دونوں نے ماضی میں اور اب بھی مل کر حکومت چلائی ہے۔
حجرہ شاہ مقیم میںمیڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی نے بلاول بھٹو کے حالیہ بیان “شیر جب آتا ہے سب کچھ کھا جاتا ہے”پر تبصرہ کرتے ہوئے مسکراتے ہوئے کہاکہ اس وقت” شیر” کے ساتھ بلاول صاحب کی دوستی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی بیانات اپنی جگہ مگر حقائق یہ ہیں کہ دونوں جماعتیں موجودہ حکومت کا حصہ ہیں اور گورننس میں روزانہ کی بنیاد پر ایشوز آتے رہتے ہیں جو باہمی مشاورت سے حل بھی ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پچھلی پی ڈی ایم حکومت بھی دونوں جماعتوں نے مل کر چلائی تھی اور وہ حکومت اچھی چلی۔ موجودہ سیٹ اپ کو بھی سال، ڈیڑھ ہو چکا ہے، اس دوران کئی معاملات آئے جن پر اختلاف بھی ہوا، جیسے کہ حالیہ نہری نظام کا معاملہ، مگر اس پر بھی گفتگو جاری ہے اور بہتری کی امید ہے۔