کراچی:رواں سال سونے کی قیمت کو پر لگ گئے،سال2025میں پاکستان میں سونے کی قیمت میں 77ہزار روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔
پاکستان میں2025 کے آغاز پر ایک تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 72 ہزار کے آس پات تھی تاہم صرف چار مہینوں سے بھی کم میں سونے کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوا، عالمی مارکیٹ میں اضافے کے ساتھ پاکستان میں اس دھات کی قیمت میں فی تولہ 77 ہزار روپے کا اضافہ ہوا۔
یکم جنوری2025 سے 19اپریل تک کا حساب لگایا جائے تو فی تولہ سونے کی قیمت میں 77 ہزار 100 روپے اضافہ ہوا، 10 گرام سونے کی قیمت میں 66 ہزار 100 روپے کی بڑھوتری آئی۔
گزشتہ روزپاکستانی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت 3 لاکھ 49 ہزار 700 روپے رہی جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 2 لاکھ 99 ہزار 811 روپے پر ریکارڈ کی گئی۔
عالمی مارکیٹ پر نظر ڈالی جائے تو وہاں بھی سونے کی قیمت کوئی استحکام نظر نہیں آتا، کچھ دنوں پہلے تک سونے کی فی اونس قیمت جو 3150 ڈالرز کے آس پاس تھی وہ اب 3326 ڈالرز فی اونس پر جا پہنچی ہے۔