پی آئی اے کی باکو کیلئے پروازوں کا باقاعدہ آغاز

لاہور/اسلام آباد:پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی لاہور سے باکو کیلئے پروازوں کا باقاعدہ آغاز ہوگیا جبکہ پہلی پرواز پی کے 159لاہور سے 152مسافروں کو لے کر 11بج کر 50منٹ پر روانہ ہوئی۔

پرواز کی روانگی سے قبل لاہور ایئرپورٹ پر سادہ مگر باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف بحیثیت مہمان خصوصی شریک ہوئے، پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہاد وف اور وزارت ہوابازی کے اعلیٰ حکام نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل لوگوں کا خیال تھا کہ پی آئی اے مشکل سے کبھی باہر نہیں نکل سکے گی، مگر وزیر اعظم کے زیر قیادت جامع اصلاحاتی پروگرام کے بعد آج پی آئی اے اپنے قدموں پر کھڑی ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ پی آئی اے اپنے نیٹ ورک کو وسعت دے رہاہے اور باکو اس سلسلے کی ایک کڑی ہے، اس پرواز سے پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تعلقات بہت مستحکم ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں پی آئی اے کو دھچکا لگا، دنیا میں قومی ایئر لائن کیلئے دروازے بند ہوتے جا رہے تھے۔

ہماری حکومت آنے کے بعد پی آئی اے کی دوبارہ بحالی کا سلسلہ شروع ہوا، امید ہے جلد برطانیہ کیلئے بھی پروازیں شروع ہوجائیں گی۔انہوںنے کہا کہ پی آئی اے کے جہازوں میں بھی اضافہ ہوگا، نئے روٹس بھی متعارف کروا رہے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور سے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کے لیے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن کی براہ راست پروازوں کے آغاز کو سفارتی فتح قرار دیا اور کہا کہ اس سے سیاحت کو فروغ دیا جا سکے گا۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پی آئی اے کی لاہور تا باکو براہ راست پروازوں کے آغاز پر اظہار مسرت کیا۔ انہوں نے کہا کہ باکو اور لاہور کے درمیان پی آئی اے کی براہ راست پروازوں کے آغاز سے شعبہ سیاحت کو فروغ دیا جا سکے گا۔

لاہور تا باکو براہ راست پروازوں کی طرز پر دیگر دوست ممالک کے ساتھ پی آئی اے کی براہ راست پروازیں جلد شروع کی جائیں گی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ سفارتی سطح پر پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے اور آذربائجان اس خطے میں پاکستان کے بہترین دوستوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں آذربائجان کے ساتھ اشتراک کے لیے کوشاں ہیں۔