اسپیکرکے پی اسمبلی کیخلاف بدعنوانی الزامات پر احتساب کمیٹی میں اختلاف

اسلام آباد/ پشاور: اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کیخلاف بدعنوانی کے الزامات پر پی ٹی آ ئی احتساب کمیٹی کے 2ارکان کے فیصلے میں اختلاف پیدا ہوگیا۔ میڈیارپورٹ کے مطابق قاضی انور نے بابر سلیم سواتی کو کلیئر قرار دے دیا تو مصدق عباسی نے قصور وار قراردیا، اختلاف کے باعث تیسرے ممبر شاہ فرمان کو فیصلہ کرنے کا اختیار دے دیا گیا۔

احتساب کمیٹی کے ممبر قاضی انور کی 7صفحات پرمشتمل رپورٹ منظر عام پر آگئی، رپورٹ کے مطابق کمیٹی کے تیسرے رکن شاہ فرمان اسپیکر سے متعلق حتمی فیصلہ کریں گے۔یاد رہے کہ سینئر پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی نے اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی پر غیر قانونی بھرتیوں، ترقیاتی کاموں میں بدعنوانی کے الزامات لگائے تھے۔

پی ٹی آئی کی 3رکنی احتساب کمیٹی نے انکوائری شروع کر رکھی تھی۔دوسری جانب رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی انٹرنل اکائونٹیبیلٹی کمیٹی کے رکن نے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کے خلاف کرپشن کی تحقیقات کی رپورٹ سلمان اکرم راجا کو بھیج دی۔

کمیٹی کے رکن قاضی انور نے کہا کہ مجھے علم ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے علاوہ کسی کو رپورٹ بھیجنا کمیٹی کے ایس او پیز میں نہیں، سلمان اکرم راجا نے رپورٹ مانگی اس لیے انہیں بھیج دی ہے۔ پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمان اکرم راجا کو رپورٹ بھیج کر قاضی انور نے کمیٹی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔

قاضی انور نے کمیٹی کے دیگر ارکان کو اعتماد میں لیے بغیر سلمان اکرم راجا کو رپورٹ ارسال کی۔ذائع کے مطابق کمیٹی کے دیگر 2ارکان نے سلمان اکرم راجا کو رپورٹ بھیجنے پر اظہار تشویش کیا ہے۔