دیکھتے ہیں وزیر اعلیٰ مائنز بل پاس کرائیں گے یا نوکری بچائیں گے،گورنرکے پی

پشاور:گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مائنز اینڈ منرلز کانفرنس خیبرپختونخوا کا مستقبل ہے۔

انہوںنے مزید کہاکہ ، وزیراعلی علی امین گنڈاپور کو جو ٹاسک اسلام آباد سے ملتا ہے وہ اچھے بچوں کی طرح اسے پورا کرتے ہیں، دیکھتے ہیں اب وزیراعلی مائنز اینڈ منرلز بل پاس کروائیں گے، یا اپنی نوکری بچائیں گے،خیبرپختونخوا میں کرپشن ہو رہی ہے، پرامن خیبرپختونخوا ترقی کی ضمانت ہے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ صوبے کے تمام ادارے، وزرا کرپشن میں ملوث ہیں اگر کوئی ادارہ خاموش ہے تو وہ نیب ہے، تحریک انصاف این آر او کے لیے لوگوں کے پائوں پڑ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے کے پیسوں کے ساتھ نا انصافی ہو رہی ہے، جب میں گورنر نہیں تھا تب بھی کہتا تھا کہ صوبے میں کرپشن کی جا رہی ہے، یہاں نوکریاں بیچی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی والے ایک دوسرے پر الزامات لگانے میں مصروف ہیں،وزیراعلی خیبرپختونخو اکہہ رہے ہیں کہ میرے وزرا چور ہیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعلی کے پی نے ٹیکس کے پیسے جلسے جلوسوں میں اڑا دیے، پی ٹی آئی کے وزرا ایک دوسرے پر الزام لگا رہے ہیں اور نیب خاموش ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کے پی مائنز اینڈ منرلز بل پر دیگر جماعتوں کے ساتھ بیٹھ کر بات چیت کریں، وزیراعلی یا نوکری کریں گے یا بل پاس کریں گے؟، لاہور میں ہمارے صوبے کے پیسے عیاشیوں پر اڑائے جا رہے ہیں۔