غیرملکی فوڈ چین پر حملے کرنیوالے ہوجائیں ہوشیار؟

فیصل آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کا کہنا ہے کہ کاروبار پر حملے غیر اسلامی ہیں جن سے سختی سے نمٹیں گے۔وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ریاست اپنے فرائص سے غافل نہیں،کچھ دنوں سے انٹرنیشنل فوڈ چین پر حملے کیے جا رہے ہیں۔

پاکستان میں تقریباً 20 مختلف مقامات پرنجی ریسٹورنٹ پر حملے ہوئے، 25 ہزار پاکستانی ان فاسٹ فوڈ چینز میں نوکریاں کر رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا جو پاکستان میں سرمایہ کاری لائے ان پر بھی کوئی حملہ آور ہو، حملہ آوروں کو جب گرفتار کیا گیا تو وہ معافی تلافی کرنے لگے۔وزیر مملکت برائے داخلہ نے مزید کہا کہ پنجاب میں تشدد کے واقعات میں 142افراد گرفتار کیے گئے جبکہ اسلام آباد میں 2 واقعات ہوئے جس میں 15 لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔

دریں اثناء نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے طلال چودھری کا کہناتھا کہ پاکستان تحریک انصاف دہشت گردوں کیلئے نرم گوشہ رکھتی ہے، خیبرپختونخوا حکومت دہشت گردی پرقابو پانے کی بجائے جرگے سے متعلق واویلا کر رہی ہے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ کا کہنا تھاکہ ملکی سیکورٹی صورتحال سے متعلق اہم اجلاس میں پی ٹی آئی شریک نہیں تھی، ملک میں دہشت گردی کے سب سے زیادہ واقعات خیبرپختونخوا میں ہوئے۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی پر قابو پانے سے متعلق تجاویزآچکی ہیں۔

وفاق نے جب مناسب سمجھا تب صوبائی حکومت کو آن بورڈ لے گی، خارجہ پالیسی وفاق کا کام ہے جو وفاقی حکومت کو ہی کرنا ہے۔طلال چودھری نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے صوبائی حکومت کو افغانستان سے تعلقات بہتربنانے کی ہدایت کی تھی۔