سوات ، سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں 4 خوارج ہلاک

سوات:سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع سوات میں انٹیلی جنس بیسڈ مشترکہ آپریشن کیا۔ خوارج کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کے نتیجے میں 4 خوارج مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ہلاک خوارج علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی ممکنہ خارجی کے خاتمے کے لئے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا۔

کیونکہ پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر سیکورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے سوات میں خارجیوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر سیکورٹی فورسز کی پذیرائی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ملک سے مکمل خاتمے تک خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

ادھرگزشتہ دنوں ڈی آئی خان میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں مارے گئے 4 خارجی دہشتگردوں سے ان کے خاندان اور قبیلے نے لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق منگل 15 اپریل کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں 4 خارجی ہلاک ہوئے تھے۔

سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں کے خاندان اور قبیلے نے ان سے اعلان لاتعلقی کر دیا ہے۔سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ آپریشن میں ہلاک دہشت گردوں میں رنازئی قبلے کا خارجی حذیفہ عرف عثمان بھی شامل تھے۔