کراچی:وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ عازمین حج کیلئے رواں برس بہترین سہولیات کا انتظام کیا گیا ہے۔
کراچی میں حاجی کیمپ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ اس سال سرکاری سکیم کے تحت 89 ہزار عازمین حج کی ادائیگی کریں گے، باقی تیاریاں بھی مکمل ہیں، کوشش ہے کہ کسی کو کوئی مشکلات درپیش نہ ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر گروپ کے ساتھ ناظم ہوگا تاکہ کوئی مسئلہ درپیش نہ آئے۔مکہ میں حجاج کرام اور عزیزیہ میں سب کیلئے اچھی عمارتیں لی گئی ہیں
وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ حاجیوں کے لیے جو زونز مقرر کیے گئے ہیں وہاں اچھی سہولیات ہیں۔ حج کے موقع پر شدید گرمی کے باعث اے سی والے خیمے لگائے گئے ہیں، ان خیموں میں پہلے سامان نیچے رکھتے تھے، اب سامان کے لیے شیلف ہوں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا حاجیوں کے لیے اچھا ٹرانسپورٹ کا نظام بھی بنایا گیا ہے، میدان عرفات کے لیے 70 فیصد حاجیوں کو ٹرین سے روانہ کیا جائیگا۔
سردار محمد یوسف نے بتایا کہ نجی حج آپریٹرز کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی، جس کی وجہ سے مختص کوٹے میں سے صرف چند ہزار کی بکنگ کرائی جا سکی۔ صرف 67ہزار پاکستانی عازمین حج ہی نہیں بلکہ دنیا بھر سے قریبا 3 لاکھ عازمین حج سعودی عرب نہیں جا سکیں گے۔
