کینال معاملے پر سکھر میں دھرنا، 3 صوبوں کا زمینی رابطہ منقطع

سکھر: دریائے سندھ سے 6 کینالز نکالنے کیخلاف وکلاء نے ببرلو بائی پاس پر دھرنا دے دیا جس کے باعث سندھ پنجاب ٹریفک معطل ہوگئی ۔

صدر کراچی بار کونسل عامر نواز وڑائچ کی قیادت میں وکلا ء نے گزشتہ روز سکھر اور خیرپور کے درمیان ببرلو بائی پاس پر دھرنا دے دیا جبکہ سندھ کے دیگر شہروں سے بھی وکلاء دھرنے میں شریک ہوئے۔ دھرنے کی وجہ سے بائی پاس پر ٹریفک معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہیں جبکہ ببر لو بائی پاس بند ہونے سے 3 صوبوں کازمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر کراچی بار کونسل عامر وڑائچ نے کہا کہ کراچی سے سکھر تک ہر ضلع میں ہمارا بھرپور استقبال کیا گیا، 4 مطالبات کیلیے احتجاجی دھرنا دیاہے، پہلی ترجیح متنازعہ کینالز کا خاتمہ ہے۔

وکلا کے دھرنے میں رہنما جے یو آئی مولانا راشد محمود سومرو بھی شریک ہوئے اور کہا کہ کینالز کا مسئلہ فرد واحد کا نہیں بلکہ پورے سندھ کا مسئلہ ہے، اگر ہمارا مطالبہ پورا نہیں کیا گیا تو کموں شہید سندھ پنجاب بارڈر پر احتجاجی دھرنا دیں گے اور ایک کنٹینر بھی کموں شہید سے گزرنے نہیں دیں گے۔

دوسری جانب وکلا نے کشمور کے مقام پر بھی سندھ پنجاب انڈس ہائی وے پر دھرنا دیا جس سے سندھ پنجاب شاہراہ بند ہوگئی ۔اس کے علاوہ ضلع بار کونسل نے نئی کینالز کی تعمیر کے خلاف بطور احتجاج کشمور میں عدالتی کارروائیوں کا غیرمعینہ مدت کے لیے بائیکاٹ کردیا۔