متعصب مودی سرکار نے پاکستان سے اظہار محبت کے الزام میں مسلمان پر مقدمہ درج کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر بریلی میں تبریز عالم نامی مسلمان کے سوشل میڈیا پر “آئی لو یو پاکستان” کے پیغام نے ہنگامہ برپا کر دیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی پولیس نے مسلمان کے کمنٹ کو قومی یکجہتی کے خلاف اقدام قرار دیتے ہوئے بھارتیہ نیایا سنہتا کی دفعہ 152 کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
عزت نگر کے ایس ایچ او ویجندر سنگھ نے بتایا کہ ملزم تبریز عالم شکارپور چوہدری گوٹیا کا رہائشی ہے۔ یہ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب ایک ایکس گروپ “اکھنڈ بھارت سنکلپ ناتھ نگری 25” نے تبریز کی فیس بک پوسٹ کو اجاگر کیا۔
گروپ نے الزام لگایا کہ اس پوسٹ سے ہندوستان کی وحدت و سالمیت کو نقصان پہنچا اور ملزم کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے کہا،یہ پیغام ملکی سالمیت کے منافی ہے۔ اس کے خلاف ایف آئی آردرج کر لی گئی ہے اور تفتیش شروع ہو چکی ہے۔
پولیس کے مطابق تبریز پر ماضی میں ایک ہندو لڑکی کو اغوا کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا تھا۔ لڑکی کے والد کی شکایت کے مطابق تبریز نے لڑکی کو زیورات اور نقدی کے ساتھ گھر سے بھاگنے پر مجبور کیا اور اسے غازی آباد لے جا کر مذہب تبدیل کرنے کی کوشش کی۔