ریاض : حرمین شریفین کے امور کی دیکھ بھال کی جنرل اتھارٹی اس سال رمضان کے دوران زائرین میں روزانہ دو لاکھ 27ہزار افطار پیکٹ تقسیم کررہی ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق یہ اقدام مسجد نبوی ﷺکے زائرین کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے منصوبے کا حصہ ہے۔ علاوہ ازیں اتھارٹی نے کہا ہے کہ مسجد نبویﷺمدینہ منورہ میں گزشتہ ہفتے کے دوران 5.2 ملین زائرین اور نمازیوں کا خیرمقدم کیا گیا۔
جنرل اتھارٹی نے رپورٹ میں بتایا 6 لاکھ 7 ہزار438 زائرین نے روضہ رسول ﷺپر حاضری دی ہے۔ اتھارٹی نے بتایا مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 6 ہزار 976 سے زیادہ زائرین نے ترجمے کی خدمات سے فائدہ اٹھایا۔ایک ہزار 320 ٹن زمزم کی فراہمی کے علاوہ زمزم کے لیبارٹری ٹیسٹ کےلیے 168 سیمپلز جمع کئے گئے۔ اس کے علاوہ صفائی اور سینیٹائزنگ کے لیے21 ہزار231 لٹرجراثیم کش مادے کا استعمال کیا گیا۔
دوسری جانب سعودی ہلال الاحمر نے کارڈیک الیکڑک شاک ڈیوائس مسجد الحرام کے 15 مقامات پرنصب کی ہیں تاکہ طبی ٹیمیں بلا کسی تاخیر کے فرسٹ ایڈ فراہم کرسکیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق ماہ رمضان میں بڑی تعداد میں عمرہ زائرین آتے ہیں جن کی دیکھ بھال اور انہیں فوری صحت خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہلال الاحمر کی ٹیمیں ہمہ وقت موجود ہوتی ہیں۔
مسجد الحرام میں ہلال الاحمر کے متعدد یونٹس موجود ہیں جبکہ ازدحام والے مقامات پر بھی ہنگامی امدادی ٹیمیں مکمل طبی امدادی سامان کے ساتھ ضیوف الرحمان کی خدمت کے لیے مستعد رہتی ہیں۔ ہلا ل الاحمر کی جانب سے حرکت قلب کو بحال کرنے والے الیکٹرک آلے مسجد الحرام میں مہیا کیے ہیں جو کافی کارگر ثابت ہوتے ہیں۔ایسے زائرین جو امراض قلب میں مبتلا ہوتے ہیں انہیں ضرورت پڑنے پر فوری طبی امداد مہیا کرتے ہوئے انکی جان بچائی جاسکتی ہے۔
