ٹرمپ کی یورپ پر ٹیکس لگانے کی دھمکی، تجارتی جنگ کا خطرہ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ یورپی یونین کی مصنوعات پر 25فیصد تک محصولات عائد کریں گے اور ساتھ ہی کینیڈا اور میکسیکو پر بھی بھاری ٹیکس لگانے کا عندیہ دیا ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق کابینہ اجلاس کے دوران ٹرمپ نے یورپی یونین کے قیام کو امریکاکے خلاف ایک سازش قرار دیا اور کہا کہ اس بلاک کا مقصد امریکا کو تجارتی طور پر نقصان پہنچانا تھا۔ ان کے بقول یورپی یونین نے حقیقت میں ہمارا فائدہ اٹھایا ہے۔

ٹرمپ کے مطابق نئی محصولات کاروں اور فارماسیوٹیکل مصنوعات سمیت کئی اقسام کی اشیاء پر لاگو ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ محصولات غیر منصفانہ اور غیر متوازن تجارت کے خلاف ایک مساوی جواب ہوں گی۔ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ اپریل کے آغاز میں کینیڈا اور میکسیکو پر بھی بھاری محصولات نافذ کیے جائیں گے، جن کا مقصد غیر قانونی امیگریشن اور فینٹانل اسمگلنگ کو روکنا ہے۔

ٹرمپ کی اس پالیسی سے عالمی تجارتی تعلقات میں کشیدگی پیدا ہونے کا خدشہ ہے، کیونکہ یورپی یونین اور دیگر ممالک پہلے ہی امریکی تجارتی پالیسیوں پر اعتراضات کر چکے ہیں۔