رمضان المبارک سے قبل ہی اشیائے خورونوش غریبوں کی پہنچ سے دور

کراچی:رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی ناجائز منافع خورسرگرم ہوگئے ہیں،کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کر دیاگیاہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق چند روز میں انڈے فی درجن 230سے بڑھ کر 272روپے کے ہو گئے ہیں، چھوٹے گوشت کی قیمت 200روپے اضافے سے 2500روپے کلو جبکہ بڑا گوشت 1100سے بڑھ کر 1400روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

مارکیٹ ذرائع نے بتایاکہ چینی 124روپے سے بڑھ کر 155اور 165روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے، اسی طرح سیب، کیلا، خربوزہ، کینو اور اسٹرابیری کی قیمت میں 100سے 300روپے تک اضافہ ہو چکا ہے۔

دوسری جانب کنزیومر ایسوسی ایشن کے مطابق انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، سرکاری ریٹ لسٹ پر عمل نہیں ہو رہا اور منافع خور اپنی مرضی سے قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔کراچی میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں کو ایک بار پھر پر لگ گئے،

سرکاری نرخ پر مرغی کے گوشت کی فروخت چیلنج بن گئی، ایک ماہ میں قیمتیں 250 روپے تک بڑھ گئیں۔زندہ مرغی کا سرکاری ریٹ 420 روپے کلو ہے جبکہ 500 روپے میں فروخت کی جارہی ہے، مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت 650 مگر 760 روپے کلو میں فروخت ہورہی ہے۔

دکانداروں کے مطابق ہمیں زندہ مرغی 470 میں ملتی ہے 420 میں کیسے بیچیں۔شہر قائد میں ایک ماہ پہلے تک مرغی کا گوشت 500 سے 550 روپے کلو تک تھا جو اب 760 روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے۔خدشہ ہے کہ رمضان المبارک میں مرغی کا گوشت 800 روپے کلو تک جاسکتا ہے۔