اسرائیلی درندگی عروج پر ، مزید 10 فلسطینی شہید

مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں 10 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں ۔ 

 مقبوضہ مغربی کنارے کے قصبے تمون میں اسرائیلی فوج نے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔اسرائیلی فوج کی حالیہ بمباری میں 10 فلسطینی شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران غزہ کے اسپتالوں میں بھی 63 لاشیں لائی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے 19 جنوری کو غزہ میں جنگ بندی کے نفاذ کے بعد مغربی کنارے میں کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل اور حماس آج قیدیوں کا تبادلہ کررہے ہیں، حماس کی جانب سے یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے اسرائیلی جیل سے 110 فلسطینیوں کو رہا  کیا جائے گا۔