غزہ: اسرائیل کی غزہ پر بمباری میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی پوتی شہید ہوگئیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز کی غزہ پر بمباری میں فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی پوتی رؤی ہمام اسماعیل ہنیہ بھی شہید ہوگئیں۔
فلسطینی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ رؤی ہنیہ اسلامی یونیورسٹی آف غزہ میں میڈیکل کی طالبہ تھیں۔ وہ براق اسکول پر ہونے والے اسرائیلی حملے میں شہید ہوئیں۔ حملے میں دیگر 25 فلسطینی بھی شہید ہوئے۔ حماس سے منسلک اکاؤنٹس سے بھی اسماعیل ہنیہ کی پوتی کی شہادت کی تصدیق کی گئی ہے۔
اسرائیل کے غزہ پر فضائی حملے جاری ہیں۔ وحشیانہ حملوں میں اسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اسرائیلی حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت اب تک 11 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔