اسلام آباد: صدر مملکت نے گورنر کے پی سے کہا ہے کہ آئین پر عمل درآمد کیا جائے اور پیچیدگی سے بچنے کے لیے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق انتخابات کی تاریخ مقرر کی جائے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی دعوت پر گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے ایوان صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی جس میں عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر مملکت اور گورنر کے درمیان آئین کے آرٹیکل 224 (2) اور یکم مارچ کے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں الیکشن کے حوالے سے اہم بات چیت ہوئی۔ صدر نے گورنر کو مشورہ دیا کہ وہ الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کریں۔
ڈاکٹر عارف علوی نے مشورہ دیا کہ تقریباً 2 ہفتے گزر گئے، پیچیدگی سے بچنے کے لیے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق انتخابات کی تاریخ مقرر کی جائے۔
صدر مملکت نے آئین کی پاس داری، مقررہ مدت کے اندر عام انتخابات کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ آئین نے مقررہ وقت میں انتخابات لازمی قرار دیے ہیں، سپریم کورٹ نے توثیق کی ہے اس لیے مقررہ وقت میں انتخابات ملک میں پارلیمانی جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہیں۔