پی ٹی آئی نے پولیس ایکشن کے بعد لاہور میں ریلی منسوخ کردی

لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے پولیس کی جانب سے پکڑ دھکڑ کے پیش نظر لاہور میں شیڈول ریلی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

پی ٹی آئی کے رہنما فرخ حبیب نے زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس تشدد اور حکومتی اقدامات کو دیکھتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کارکنان کو گھر واپس جانے کی ہدایت کردی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پولیس کی جانب سے واٹر کینن کے ذریعے ہمارے کارکنوں پر کیمیکل ملا پانی پھینکا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے آج داتا دربار سے ریلی نکالنے اور انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم حکومت کی جانب سے دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کردی گئی۔