لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب پولیس کے مبینہ تشدد اور شیلنگ سے پی ٹی آئی کا ایک کارکن جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، پولیس نے پیش قدمی کرنے والے متعدد کارکنان کو گرفتار بھی کرلیا۔
پی ٹی آئی کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پولیس کے تشدد اور شیلنگ سے متعدد کارکنان زخمی ہوئے جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے جبکہ ایک کارکن بلال اسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا۔ ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق بلال کے سر پر پولیس نے ڈنڈے مارے تھے۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مقتول کارکن کی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی اور دعویٰ کیا گیا ہے کہ کچھ دیر قبل بلال زمان پارک کے باہر موجود تھا۔
دوسری جانب پنجاب پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شہر میں پی ٹی آئی اے کے پر تشدد ہنگاموں کے دوران لا اینڈ آرڈر کنٹرول کرتے ہوئے پولیس کی کئی جوان شدید زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان کے تشدد سے دو ڈی ایس پیز سمیت گیارہ اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمی ہونے والوں میں ڈی ایس پی سبزہ زار، ڈی ایس پی ٹاؤن شپ شامل ہیں جبکہ ایس ایچ او ہنجروال بھی پتھراؤ سے زخمی ہوئے۔
علاوہ ازیں کانسٹیبل عرفان،ندیم، بلال،وقار،عبدالستار، علی عصمت، سکندر، علی حمزہ بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔