تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد ان کےطبی معائنے کے لئے پمزاسپتال کادوسرامیڈیکل بورڈ تشکیل دیدیا گیا۔
عمران خان کے طبی معائنے کیلئے دوسرے 5 رکنی میڈیکل بورڈ میں ڈاکٹر نعیم ملک کو سربراہ مقرر کیا گیا ہے،ماہرین پر مشتمل میڈیکل بورڈکواسٹینڈ بائے پررکھا گیا ہے۔
اس سے قبل عمران خان کی طبی معائنے کےلیے پولی کلینک ہسپتال کا 7 رکنی بورڈ تشکیل دیدیا گیا تھا۔ ڈاکٹر فرید اللہ شاہ میڈیکل بورڈ کے سربراہ ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد نیب ریجنل آفس راولپنڈی منقل کردیا گیا۔
عمران خان کی گرفتاری کے بعد نیب ریجنل آفس راولپنڈی کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کردئیے گئے۔پولیس نے نیب آفس آنے والے راستے ٹریفک کیلئے بند کردیے۔ نیب ریجنل آفس کے باہر اینٹی رائٹس فورس کے دستے پہنچ گئے۔
دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کیخلاف مختلف شہروں میں کارکنوں کی جانب سے احتجاج شروع ہوگیا۔ کراچی میں عمران خان کی گرفتاری کےخلاف تحریک انصاف کاشارع فیصل پراحتجاج جاری ہے.
اسلام آباد پولیس نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کیخلاف احتجاج کرنے والے تحریک انصاف کے کارکنوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا۔ کارکنان نے عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہائی وے بلاک کردی تھی، سری نگر ہائی وے بلاک کرنے پر 20 سے قریب کارکنان گرفتار کرلیا گیا۔
خیال رہے کہ آج نیب نے القادر ٹرسٹ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو اسلام آبادہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کرلیا۔

