کراچی:منوڑہ کے مقام پرسمندرمیں نہاتے ہوئے ڈائومیڈیکل کالج کے فائنل ایئرکے ڈی 26 بیج کے 7طالب علم ڈوب گئے جن میں سے 3 طالب علم موقع پرجاں بحق ہوگئے جبکہ 3 طالب علموں کو بحفاظت ریسکیوکرلیا گیاجن میں سے ایک طالب علم کی حالت تشویشناک ہے جبکہ ایک لاپتا ہے۔
ڈائومیڈیکل کالج کی انتظامیہ کا کہنا تھا 15 طالب علم انتظامیہ کی اجازت کے بغیرذاتی طورپرپکنک پرگئے تھے جہاں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا،جس میں 3 طالب علم جاں بحق اور3 طالب علموں کوریسکیو کرلیا گیا۔ایک طالب علم لاپتہ ہے جس کی تلاش جاری ہے۔
سمندر میں ڈوب کرجاں بحق ہونے والے طالب علموں کی شناخت احمد کاشف،اشارب منیراورسید اشہد فاطمی کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ نیم بہیوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیے جانے والے طالب علموں میں رضوان، ربیع اور عبدالمجید شامل ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملنے پرجاں بحق ہونے والے طالب علموں کے اہلخانہ اورڈائومیڈیکل کالج کی انتظامیہ بھی سول اسپتال پہنچ گئی، مردہ خانے کے باہرڈائومیڈیکل کالج کی پرنسپل ڈاکٹر صبا سہیل نے بتایا کہ ڈائو میڈیکل کالج کے فائنل ایئرکے طالب علم پکنک پرگئے تھے اوران کے آج وارڈ آف تھے۔
ڈائومیڈیکل کالج کی پرنسپل ڈاکٹر صبا سہیل کو سول ٹراما سینٹر کی ایمرجنسی میں موجود طالب علموں نے بتایا کہ وہ بیچ پر بال سے کھیل رہے تھے، بال اچھالنے پر گیند سمندرکی لہروں کے ساتھ چلی گئی جسے لینے کے لیے ایک طالب علم گیا تو تیز اور اونچی لہروں کی نذرہوگیا، باقی طالب علم اسے بچانے کے لیے حادثے کا شکار ہوگئے۔
انھوں نے بتایا کہ حادثے میں ایک طالب علم کے علاوہ جاں بحق اوردیگرمتاثرہ تمام طالب علموں کے اہلخانہ سے رابطہ ہو گیا ہے۔

