وزیراعلیٰ کے پی کا امن جرگہ کے دو ارکان کے لاپتا ہونیکا انکشاف

راولپنڈی:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ امن جرگہ کے دو بندوں کو لاپتا کردیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ جس نے بھی جرگے کے دو بندوں کو اٹھایا ہے وہ خیبرپختونخوا کے امن کا دشمن ہے، وہ پختون روایات، قوم کا بھی دشمن ہے۔

اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر کے پی اسمبلی، حکومت خیبر پختونخوا یہ سب ہمارے مہمان تھے، اس پر پھر ہم مدعی بنیں گے، یہ بہت غلط کام ہوا ہے جس نے بھی کیا ہے، اس طرح اگر کے پی اور پختون روایات کو توڑا جا رہا ہے تو ہمارے امن اور پختونوں اور صوبے کا نقصان ہو رہا ہے۔

واضح پیغام دیتا ہوں اس پر ردعمل آئے گا اور بہت سخت آئے گا۔انہوں ںے کہا کہ دہشت گرد اگر میرے گھر، علاقے، اسلام آباد تک پہنچتے ہیں، یہ میری نہیں انٹیلی جنس کی ناکامی ہے، ان کو چاہییے جہاں سے وہ داخل ہوں انہیں وہاں پر روکا جائے، دہشت گردوں کا تعلق کسی قوم، مذہب اور ملک سے نہیں ہوتا وہ دہشت گرد ہوتا ہے۔

جو لوگ کے پی میں امن نہیں لانا چاہتے یا عوام کو ملک دشمن بنانا چاہتے ہیں یا ایسا جواز بنانا چاہتے ہیں جس سے کے پی کو نقصان ہو اور وہاں پھر سے خون کی ہولی ہو ہمیں کسی کو یہ موقع نہیں دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم محب وطن پاکستانی ہیں، پاکستاں کے پرچم، ترانے، آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوریت کے علم بردار ہیں۔

قبل ازیں نجی ٹی وی کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتوں کا دن تھا جس میں وزیراعلیٰ سمیت کسی بھی رہنما کو ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔وزیراعلیٰ کے پی کی اڈیالہ جیل آمد کی اطلاع ملنے پر اڈیالہ روڈ گورکھ پور ناکے پر اضافی نفری تعینات کردی گئی۔

پولیس نے ڈمپرز کھڑے کرکے ایک طرف کی ٹریفک کی روانی کوروک دیا جبکہ سہیل آفریدی عمران خان سے ملنے اڈیالہ روڈ پہنچے تو پولیس نے انہیں گورکھ پور ناکے پر روک لیا،وزیراعلیٰ پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹی سے گورکھ پور ناکے پر پہنچے، پولیس کی بھاری نفری نے وزیراعلیٰ کو سیکورٹی پروٹوکول سمیت روک لیا۔

علامہ راجہ ناصر عباس اڈیالہ روڈ پہنچے تو پولیس نے انہیں بھی گورکھ پور ناکے پر روک لیاجبکہ فردوس شمیم نقوی اڈیالہ روڈ پہنچے تو پولیس نے داہگل ناکے سے شمیم نقوی کی گاڑی خالی پلاٹ کی جانب موڑ دی اور کہا کہ آگے جانے کی اجازت نہیں۔