پشاور: پنجاب حکومت کی جانب سے کالعدم تنظیم کا عسکریت پسند قرار دیے گئے محمد اقبال کا ردعمل سامنے آگیا۔
محمد اقبال کا کہنا ہے کہ میرا کسی کالعدم تنظیم سے کوئی تعلق یا رابطہ نہیں ہے، میں تحریک انصاف کا کارکن ہوں اور عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج میں شامل ہونے کے لیے آیا ہوں۔
محد اقبال نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں 28 اکتوبر 2022 سے تحریک انصاف کا کارکن ہوں اور اسی وجہ سے میرے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں حکومت کیخلاف کسی سرگرمی کا حصہ نہیں لیکن تحریک انصاف کے ایک کارکن کی حیثیت سے میں عمران خان کو سپورٹ کرنے زمان پارک گیا تھا۔
واضح رہے کہ پنجاب کے نگراں وزیر اطلاعات عامر میر نے آج پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا تھا کہ زمان پارک میں ایک ’عسکریت پسند‘ موجود ہے جس کی شناخت کرلی گئی ہے اور وہ ماضی میں تحریک نفاذ شریعت محمدی کے سربراہ مولانا صوفی محمد کے ساتھ ہوتا تھا۔