پاک فوج نے وادی لیپہ کے جنگلات میں آگ پر قابو پا لیا،عوام کا اظہارتشکر

چکوٹھی:پاک فوج نے وادی لیپہ کے جنگلات میں شر پسندوں کی جانب سے لگائی گئی آگ پر قابو پاتے ہوئے قومی جنگلات کو کروڑوں روپے کے نقصان سے بچا لیا۔

وادی لیپہ کے علاقے موجی کمپارٹمنٹ کھندری کے سامنے جنگل میں شر پسندوں نے آگ لگا دی جو دیکھتے ہی دیکھتے خشک موسم،تیز ہوا کے باعث تیزی سے پھیلنے لگی۔

آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی کمانڈر لیپا گارڈ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مقامی یونٹ کے کمانڈنگ آفیسر کو آگ پر کنٹرول کرنے کی ہدایت جاری کیں،کمانڈنگ آفیسر مقامی یونٹ نے پاک فوج کے درجنوں جوانوں کو موقع پر روانہ کیا،جنہوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر انتھک محنت،جذبے اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ پر مکمل قابو پاتے ہوئے قومی خزانہ کو کروڑوں روپے کے نقصان سے بچا لیا۔

مقامی لوگوں نے پاک فوج کے اس جذبہ خدمت،فرض شناسی کو زبردست الفاظ میں تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کہ پاک فوج نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ وہ نہ صرف سرحدوں بلکہ عوامی قدرتی وسائل،امانتوں کی بھی محافظ فوج ہے ہمیں اپنی مسلح افواج پاکستان پر فخر ہے۔