نئی دہلی:بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے ہائی سیکورٹی زون ریڈ فورٹ کے قریب ایک کار میں دھماکا ہوا جس میں 15 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، متعدد گاڑیاں بھی جل گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دھماکا بہت زوردار تھا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی جس کے بعد شہریوں میں افراتفری پھیل گئی، پولیس نے جائے حادثہ کو اپنے گھیرے میں لے لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دھماکا ریڈ فورٹ کے میٹرو اسٹیشن کے قریب ہوا جس کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے، ، دھماکے کے بعد بھڑکنے والی آگ نے 3 سے 4 گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، گاڑیوں میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔دھماکے کے بعد نئی دہلی سمیت تمام شہروں میںسیکورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیاہے، بم ڈسپوزل ٹیم جائے حادثہ پہنچ گئی اور شواہد جمع کیے۔بھارتی میڈیا کے مطابق دھماکے کے بعدبھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ہنگامی سیکورٹی اجلاس طلب کرلیا ہے۔

