کراچی: شہر کے شمال اور شمال مشرقی مضافاتی علاقوں میں جمعرات 16 مارچ کو گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 16 مارچ سے مغربی بلوچستان میں مغربی ہواؤں کے سلسلے کے داخل ہونے امکان ہے جس کے زیر اثر جامشورو، دادو، حیدر آباد، مٹیاری، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، میرپور خاص، بدین اور ٹھٹھہ کے اضلاع میں 16 مارچ کو کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔
صوبے کے اکثر اضلاع میں 17 سے 20 مارچ کے دوران بیشتر مقامات پر گردوغبار اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں 16 مارچ کو ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جو 17 مارچ کو ملک کے بالائی علاقوں اور وسطی علاقوں تک پھیل جائیں گی اور 20 مارچ تک موجود رہیں گی۔