Court Order

اسلام آباد میں غیرملکی خاتون سے زیادتی کرنے والے سیکیورٹی گارڈ کو عمر قید

اسلام آباد میں غیر ملکی خاتون سے زیادتی کے ملزم کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنا دی۔

اسلام آباد کی مقامی عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے وقوعہ کے 9 ماہ بعد کیس کا فیصلہ سنایا، جس میں کہا گیا ہے کہ عمر قید کا دورانیہ ملزم کے زندگی کے ختم ہونے تک ہوگا۔ پبلک پراسیکیوٹر رانا حسن عباس نے کیس کی پیروی کی۔

خاتون نے تفتیشی کے دوران اور مجسٹریٹ کے سامنے بیان بھی ریکارڈ کرایا تھا جبکہ ملزم کا ڈی این اے بھی میچ کر گیا تھا.

خاتون سے زیادتی کرنے والا ملزم محمد سفیر نجی سیکیورٹی کمپنی کا گارڈ اور غیرملکی خاتون کے گھر پر ڈیوٹی کرتا تھا جس نے گزشتہ برس چھ جون کو غیر ملکی خاتون سے اس کے گھر میں زیادتی کی تھی۔

متاثرہ غیر ملکی خاتون اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے سے منسلک ہیں جنہوں نے گھر کے سکیورٹی گارڈ پر ریپ کا الزام عائد کیا تھا۔ سویڈش خاتون کے مطابق سکیورٹی گارڈ نے رات کو خاتون کے بیڈ روم میں زیادتی کی تھی۔