Jamaat e Islami

پی پی وفد کی ادارہ نور حق میں حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات

پیپلز پارٹی کا وفد صوبائی وزیر سعید غنی کی سربراہی میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان سے ملنے ادارہ نور حق پہنچ گیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے پی پی وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بلدیاتی الیکشن پر ہمارے شدید تحفظات ہیں جس سے پیپلزپارٹی کے وفد کو آگاہ کردیا ہے، اس وقت بھی کچھ جگہوں پر دوبارہ گنتی جاری ہے۔ ہم اپنے تحفظات دور ہونے کا انتطار کریں گے جس کے بعد ہی معاملات آگے بڑھیں گے۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا انتخابات میں تمام عملہ الیکشن کمیشن کے ماتحت کام کرتا ہے، الیکشن کمیشن نے 6 یوسیز پر نوٹس لے لیا ہے، الیکشن کمیشن جوبھی فیصلہ کرے گا تسلیم کریں گے۔

سعید غنی نے بلدیاتی الیکشن میں کامیابی پر جماعت اسلامی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ چاہتے ہیں کراچی کیلئے جماعت اسلامی اور پیپلزپارٹی ملکرچلیں، کوشش ہے سیاسی اختلافات کا اثر شہرکے ماحول پر نہ ہو، دونوں جماعتوں نےساتھ چلناہے توکارکنان میں کشیدگی اچھی نہیں۔

پیپلز پارٹی کے وفد میں سعید غنی کے علاوہ امتیاز شیخ اور نجمی عالم بھی شامل تھے۔

واضح رہے کہ پیپلزپارٹی میئرکراچی کے معاملے پر جماعت اسلامی سے مذاکرات کی خواہاں ہے جبکہ جماعت اسلامی پہلے متنازع یوسیز کا معاملہ حل کرنے پر زور دے رہی ہے۔ پیپلزپارٹی کا کہنا ہے کہ یوسی نتائج کا معاملہ آراوز اورالیکشن کمیشن حل کرسکتے ہیں۔